چرم قربانی مہم کیلئے بہتر حکمت عملی کے ذریعے لوگوں سے رابطے کئے جائیں، اسامہ رضی

Usama Razi

Usama Razi

کراچی 29 اگست 2016 (پ ر) نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ رضی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ہر مشکل گھڑی میں جماعت اسلامی (الخدمت) نے بخوبی کردار ادا کیا ہے۔ زلزلہ ہو، سیلاب زدگان، قدرتی آفات یاکوئی مسئلہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ قدم بقدم کھڑی رہتی ہے۔ امت مسلمہ کو جب بھی کوئی پریشانی لاحق ہوتی ہے تو وہاں جماعت اسلامی اپنا موثر کردار ادا کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون نارتھ کراچی کے زیر اہتمام جامع مسجد الہدیٰ سیکٹر A 11-میںمنعقدہ اجتماع کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی ہمیں اللہ کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کرنے کا درس دیتی ہے۔ ابراہیم اور اسماعیل نے جس عظیم الشان ایثار قربانی کا مظاہرہ کیا اور اسماعیل نے عملاً اپنی جان اللہ کی راہ میں قربان کرنے پر آماہ گی ظاہر کرکے جس سپردگی اور اطاعت کا مظاہرہ کیا، وہ رہتی دنیا تک مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے نتیجے میں تقویٰ کی آبیاری ہوتی ہے اورآخرت میں تقویٰ کے مطابق ہی انسانوں کے درجات کی بلندی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ غریب اور مستحقین کی مدد کرنا عین عبادت ہے، جماعت اسلامی کے کارکنان اپنی عید کی خوشیاں قربان کرکے مستحقین کو خوشیاں فراہم کرتے ہیں۔ چرم قربانی مہم کے لئے بہتر حکمت عملی کے ذریعے لوگوں سے رابطے کئے جائیں۔ امیر زون طارق مجتبیٰ نے کہا ہے کہ ہمارا جینا مرنا اللہ کے لئے ہی ہے۔اللہ کو عاجزی اورانکساری پسند ہے۔ چرم قربانی مہم کے لئے کارکنان بھرپور تیاری کریں۔ غریب اور مستحقین بھائیوں کے لئے قربانی کی کھالیں جمع کریں۔ جنرل سیکرٹری علی ارشد نے کہا کہ ہمشہ ایک بڑے مقصد کے لئے جدوجہد کی ہے چرم قربانی مہم بھی دعوت کا حصہ ہے۔ نائب امیر احمر خان نے اجتماعی قربانی رپورٹ بھی پیش کی۔