یمن: حوثی باغیوں کا ایک اور امریکی بحری بیڑے پر حملے کی کوشش

USA Spokesperson

USA Spokesperson

واشنگٹن (جیوڈیسک) یمن کے حوثی باغیوں نے چار دن میں سمندر میں موجود امریکی بحری جنگی جہاز ’ یو ایس ایس میسن‘ پر ایک اور ناکام راکٹ حملہ کیا ہے جس میں جہاز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

خبر کے مطابق امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے ایک بیان میں یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے ’یو ایس ایس میسن‘ پر راکٹوں سے حملے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ امریکہ اس حملے کا مناسب وقت اور مناسب طریقے سے جواب دے گا۔

پینٹاگون کے ترجمان پیٹر کک کا کہنا ہے کہ یو ایس ایس میسن پر یمن کے باغیوں کی طرف سے ایک اور راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔ یہ راکٹ یمن کے اندر سے الحدیدہ بندرگاہ کے قریب کھڑے امریکی جنگی جہاز پر داغا گیا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یمنی باغیوں کی طرف سے داغے گئے راکٹ کو دفاعی ڈھال کی مدد سے روک دیا گیا جس کے نتیجے میں میزائل جہاز تک نہیں پہنچ پایا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے راکٹ حملے سے چار روز پیشتر بھی امریکی حکام نے کہا تھا کہ یمنی باغیوں نے امریکی جنگی جہاز ’یو ایس ایس میسن‘ پر راکٹ داغے ہیں تاہم ان راکٹوں سے جہاز یا اس کے عملے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔