اداکارہ شبنم اپنے شوہر روبن گھوش کے ہمراہ پاکستان پہنچ گئیں

shabnam in pakistan

shabnam in pakistan

کراچی : (جیو ڈیسک) پاکستانی لیجنڈ اداکارہ شبنم اپنے شوہر روبن گھوش کے ہمراہ تیرہ سال بعد پاکستان پہنچ گئیں ۔خوبصورت نقش و نگار والی اداکارہ شبنم نے انیس سو باسٹھ میں فلم۔۔چندا۔۔سے اپنے کیریئر کا آغازکیا۔جس کے بعد تو جیسے کامیابیوں کے دروازے شبنم کے لئے کھول دیئے گئے۔

فلم انڈسٹری پر تین دھائیوں تک راج کرنے والی اس دلکش اداکارہ نے دوسو فلموں میں اپنی اداکاری سے داد وصول کی، اور تیرہ بار نگار ایوارڈ جیتا۔ ان کی مشہور فلموں میں آئینہ، قربانی، دل لگی، کبھی الوداع نہ کہنا اور تلاش شامل ہیں۔

شبنم کے مد مقابل اداکار ندیم کی جوڑی ایسی جچی کہ کئی سال تک ہٹ ہوتی رہی۔اداکاری کے عروج پر ہی شبنم اپنے شوہر کے ہمراہ بنگلہ دیش چلی گئیں۔ مگر ان کا دل آج بھی پاکستان کی محبت میں دھڑکتا ہے اسی لئے تیرہ برس بعد بھی یاد ستائی اور روشنیوں کے شہر کراچی کو مزید جگمگانے واپس آئیں۔ شبنم نے لاہور اور کراچی میں کچھ دن رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔وہ اپنے ساتھیوں سے مل کر پرانی یادیں تازہ کریں گی۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ادا کارہ شبنم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان آنا چاھئیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان محفوظ ھے اور یہاں کرکٹ ھونی چاھئیے۔