زرداری سوداگری کے ماہر ہیں، نیا صوبہ بنانا بچوں کا کھیل نہیں

Chaudhry Nisar Ali

Chaudhry Nisar Ali

قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی نے نئے صوبوں کے حوالے سے آئینی ترمیم لانے اور مسلم لیگ کے تمام دھڑوں کو اکٹھا کرنے کا اشارہ دے دیا، کہتے ہیں صدر آصف علی زرداری سوداگری کے ماہر ہیں، نیا صوبہ بنانا بچوں کا کھیل نہیں۔
اسلام آباد: پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ صرف پنجاب میں نہیں ہے بلکہ دوسرے صوبوں میں بھی ہے۔ پیپلز پارٹی صوبے بنانے میں مخلص نہیں ہے۔ حکومت نے خود ساختہ کمیشن بنایا۔ انتخابات سے قبل نئے صوبے کا محض ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے۔ صوبے بنانے کے لیے عملی کام صرف (ن) لیگ نے کیا ہے۔ گورنر پنجاب خود بھی بک گئے اور جنوبی پنجاب کے عوام کی خواہش کو بھی بیچ دیا۔ چودھری نثار نے کہا کہ ان کے بیان کو غلط لیا گیا۔ پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا صرف مسلم لیگ (ن) نہیں بلکہ تمام اپوزیشن پارٹیاں بھی دیں گی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ موجودہ حکومت کے ساتھ تمام گورنرز بھی رخصت ہو جائیں۔ چودھری نثار نے یہ اشارہ بھی دیا کہ (ق) لیگ کے علاوہ مسلم لیگ کے تمام دھڑ وں کو آئندہ انتخابات میں اکٹھا کرنے کے لیے خاصی پیش رفت ہو چکی ہے۔ نگران وزیر اعظم کے نام کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تمام تر اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے نام کو حتمی شکل دینے سے پہلے عمران خان سے بھی مشاورت کی جائے گی۔