کراچی : لیاری میں بکتربند پر دستی بموں اور راکٹ سے حملہ

lyari operation

lyari operation

کراچی : (جیو ڈیسک)کراچی کے علاقے لیاری میں تیسرے روز بھی کشیدگی برقرار ہے جبکہ پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان لڑائی میں شدت آ گئی ہے ، بکتر بند پر دستی بم اور راکٹ سے حملے۔ علاقے میں ریڈ الرٹ جاری۔لیاری میں گینگ وار کے کارندوں اور پولیس کے کمانڈوز گھمسان کا رن پڑا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جمعے سے شروع ہونے والی کارروائی میں شدت آگئی۔ڈی آئی جی ایسٹ زون نے ریڈ الرٹ جاری کردیا۔ ملزمان کی جانب سے راکٹوں اور دستی بموں کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔ افشانی گلی، چیل چوک ،کلری اور دیگر مقامات پر پولیس اور گینگسٹرز میں شدید فائرنگ جاری ہے۔ شر پسند بکتر بند گاڑیوں کو دیکھتے ہی پولیس پر حملہ آور ہوتے ہیں جبکہ پولیس کی پیش قدمی جاری ہے۔

ملزمان کے کنٹرول کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے بڑے آپریشن کیا جا رہا ہے۔ ریپڈ رسپانس فورس اور ایف سی کی مزید نفری طلب کی گئی ہے۔خواتین اہلکار بھی آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔ آپریشن کی قیادت کرنے والے ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کہتے ہیں علاقے کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرکے ہی دم لیں گے ۔ گزشتہ روز سردار عزیر، حبیب جان اور بابالاڈلا سمیت آٹھ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے گئے۔پولیس نے متعدد ملزمان کی گرفتاری کا دعوی بھی کیا۔