ہم کسی بھی بے بنیاد الزام کی مخالفت کرتے ہیں: چینی وزیر خارجہ

Chinese Foreign Minister

چین (اصل میڈیا ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ پی نے کہا ہے کہ چین کسی بھی بے بنیاد الزام کی مخالفت کرتا ہے۔

خبر کے مطابق، چینی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ یوکرین بحران پر بیجنگ تاریخ کے دائیں جانب کھڑا ہے اور چین کا موقف زیادہ تر ممالک کی خواہشات کے مطابق ہے، چین کبھی بھی کسی بیرونی جبر یا دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین کسی بھی بے بنیاد الزام کی مخالفت کرتا ہے جبکہ ہم ہمیشہ امن برقرار رکھنے اور جنگ کی مخالفت کے لیے کھڑے رہے ہیں اوروقت ثابت کرے گا کہ چین کے دعوے تاریخ کے صحیح رخ پر ہیں۔

چین کے نائب وزیر خارجہ لی یوچینگ نے کہا کہ روس پر پابندیاں اشتعال انگیزی ہے اور پابندیاں مسائل کا حل نہیں بلکہ عالمی معیشت کے لیے نقصان دہ ہے۔

نیٹو اتحاد کی مشرق کی طرف مزید توسیع نہیں ہونی چاہیے کیونکہ اس سے روس جیسی جوہری طاقت کو ایک کونے میں دھکیل دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ روسی شہریوں کو بغیر کسی وجہ کے بیرون ملک اثاثوں سے محروم کیا جا رہا ہے اور تاریخ نے بار بار ثابت کیا ہے کہ پابندیاں مسائل کو حل نہیں کر سکتیں، پابندیاں صرف عام لوگوں کو نقصان پہنچائیں گی۔