بلدیہ کورنگی محکمہ تعلیم کے زیراہتمام بانی قوم قائداعظم کی یوم پیدائش پر شایان شان تقریب کا انعقاد

EDUCATION DEPARTMENT DMC KORANGI KARACHI

EDUCATION DEPARTMENT DMC KORANGI KARACHI

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ کورنگی محکمہ تعلیم کے زیر اہتمام بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کی یوم پیدائش کے حوالے سے شایان شان تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بلدیہ کورنگی کے زیر اہتمام اسکولوں کے طلباء و طالبات نے ملی نغموں ،ٹیبلو اور پر جوش تقاریر کے ذریعے قائد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں اسکولوں کے طلباء و طالبات اور الدین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے کہاکہ قائد اعظم کے رہنماء اصول ایمان ،تنظیم اور اتحاد پر عمل کرکے ہی ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا عملی کردار ادا کرسکتے ہیں طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ قائد اعظم کے پیغام پر عمل کرتے ہوئے علم کے حصول کے ساتھ علم کے فروغ کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں۔

تقریب سے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری ،ڈائریکٹر ایجوکیشن بلدیہ کورنگی نیئر اقبال نے بھی خطاب کیا چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ بلدیہ کورنگی اپنے زیر انتظام اسکولوں میں تعلیمی ماحول اور تعلیمی معیار کو بہتر بنا نے کے لئے اقدامات کررہی ہے انہوں نے کہاکہ ہم ضلع کورنگی میں اپنے اسکولوں میں ایساتعلیمی ماحول اور معیار قائم کرینگے کہ نجی اور سرکاری اسکولوں کی تفریق کا خاتمہ ہو اور لوگ اپنے بچوں کو بلدیہ و سرکاری اسکولوں میں تعلیم دلا نے کو فوقیت دیں۔

چیئرمین بلدیہ کورنگی نے اسکولوں کے بچوں کو یوم قائد پر شاندار تقریب کے انعقاد اور پر جوش و شایان شان پر فارمنس کو سراہتے ہوئے کہاکہ ہمارے بچوں میں ٹیلنٹ موجود ہے اگر ان کی بہتر رہنمائی اور تربیت کی جائے تو ہمارے یہ بچے اپنے ٹیلنٹ کے ذریعے دنیا میں پاکستان کا لوہا منوا سکتے ہیں ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ آج کا دن قائد اعظم سے عہد کا دن ہے ہمیں آج یہ عہد کرنا ہے کہ نہ صرف خود تعلیم کا حصول یقینی بنا ئیں گے بلکہ تعلیم کے فروغ کے لئے بھی اپنی کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیا کہ وہ دینی تعلیم کے ساتھ جدید دنیا وی علوم کے حصول پر توجہ دیں انہوں نے والدین سے بھی کہاکہ موجودہ صدی علم کی صدی ہے اپنے بچوں کے ساتھ ارد گرد آباد بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کریں تاکہ علم کے ذریعے ہم روشن پاکستان کی تصویر کو دنیا میں اُجاگر کرسکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایجوکیشن بلدیہ کورنگی نیئر قبال نے یوم قائد اعظم کے موقع پر تقریب کے انعقاد کے حوالے سے تعاون اور رہنمائی پر چیئرمین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ سید نیئر رضا کی قیادت میں بلدیہ کورنگی کے زیر انتظام اسکولوں میں تعلیمی ماحول اور معیار کو بہتر بنا نے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

تقریب کے اختتام پر چیئر مین بلدیہ کورنگی سید نیئر رضا ،ایم پی اے نشاط ضیاء قادری نے یوم قائد پر منعقد تقریب میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات میں انعامات و سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

پبلک ریلیشن آفیسر ۔شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کراچی