بجٹ کا آج سے اطلاق،3 ایڈ ہاک ریلیف ملا کر تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ

Budget

Budget

اسلام آباد(جیوڈیسک) آئندہ مالی سال 2016-17 کے بجٹ پر عملدرآمد کا آغاز آج یکم جولائی سے ہوگیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 27.5 فیصد کے 3 ایڈہاک الائونس شامل کر کے10 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے جب کہ پنشن میں بھی اضافہ کا اطلاق ہوگیا ہے۔

سرکاری ملازمین کو اگلی تنخواہ نظر ثانی شدہ پے اسکیلز کے مطابق ملے گی۔ سول آرمڈ فورسز کے سرحدی علاقوں میں تعینات افراد کیلیے50 سے 210 روپے ماہانہ الائونس کو 300 روپے کرنے، معذور افراد کے اسپیشل کنوینس الاؤنس کو بڑھا کر ماہانہ1000 روپے کرنے، نائب قاصدکا دفتری الاؤنس300 سے بڑھا کر450 روپے ماہانہ کرنے بھی اعلان کیاگیا ہے۔ وفاقی حکومت کے ایل ڈی سی کی پوسٹ گریڈ 7 سے اپ گریڈ کرکے گریڈ9کی کردی گئی ہے۔ یوڈی سی کی پوسٹ گریڈ 9 سے گریڈ 11 جب کہ اسسٹنٹ کی پوسٹ گریڈ14 سے گریڈ16 جب کہ اسسٹنٹ انچارج کی15 سے16 کردی گئی ہے۔

وفاق کے خطیب کی پوسٹ اپ گریڈ کرکے گریڈ 12 سے 15کردی گئی جب کہ مزدور کی کم سے کم اجرت13 ہزار سے بڑھا کر 14 ہزار روپے کردی گئی ہے۔ آج سے 1400 سے زائد اشیا پر کسٹم ڈیوٹی میں ایک فیصد اضافہ لاگو ہوگیا ہے۔ ٹیکسوں کے نفاذ سے درجنوں اشیاء مہنگی ہوجائیں گی جبکہ ٹریکٹرز ودیگر زرعی آلات اور کھادوں پر ٹیکس اور ڈیوٹی میں چھوٹ دی گئی ہے جس سے متعلقہ اشیا سستی ہوجائیںگی۔ واضح رہے کہ زراعت کے حوالے سے مراعاتی پیکیج صدر کے فنانس بل پر دستخط کیساتھ ہی لاگو ہوگیا تھا۔