الوداع 2017ء، خوش آمدید 2018ء، دنیا بھر میں نئے سال کے جشن کا آغاز

New Year

New Year

آکلینڈ/نیویارک/ماسکو/دبئی (جیوڈیسک) الوداع 2017ء۔ خوش آمدید 2018ء۔ دنیا بھر میں نئے سال کا جشن منایا جا رہا ہے۔ نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، کوریا، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ سمیت متعدد ملکوں میں سال نو کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔ آکلینڈ کا سکائی ٹاور رنگ و نور میں نہا گیا۔

نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے ٹاٹمز سکوائر، برج خلیفہ اور ریڈ سکوائر سمیت دنیا کی ہر بڑی عمارت کو سجا دیا گیا۔ رنگ و نور کی برسات نے بلند و بالا عمارتوں کو اپنے حصار میں لے لیا۔

نیا سال نئی امیدیں اور نئے خواب لے آیا۔ 2018ء کو خوش آمدید کہنے کیلئے پوری دنیا میں منچلے سڑکوں پر نکل آئے۔ جب جب جہاں جہاں گھڑی بارہ بجاتی رہی، تب تب ان شہروں کی سڑکوں پر عوام کا سمندر، روشنیوں کے ہالے اور آتش بازی کے انار اپنے رنگ دکھاتے رہے۔ شہر شہر آتشبازی کے شاندار مظاہرے کئے گئے۔

نیویارک، ماسکو اور دبئی میں منچلوں نے نیو ایئرنائٹ کے لئے کاؤنٹ ڈاؤن کا آغاز سورج ڈھلتے ہی کر دیا تھا۔ ہلہ گلہ کرنے کی تیاریاں کئی روز سے جاری تھیں۔ برف سے ڈھکے نیویارک کے ٹائمز سکوائر پر روائتی بال روشن کر کے الٹی گنتی کا آغاز شام سے ہی کر دیا گیا تھا۔ جہاں کاغذ کی پتیاں فضاء میں اڑایں تو ہر جانب رنگ بکھر گیا۔

ماسکو میں بھی منچلوں نے نئے سال کی خوشیاں منانا شروع کر دیں اور دبئی بھی آج رات منی یورپ کی عملی تصویر پیش کر رہا ہے۔ برج خلیفہ سے پھوٹتی روشنی کی کرنیں سارے عالم میں پھیلتی محسوس ہو رہی ہیں۔ اس برس شہری انتظامیہ نے آتش بازی کا ریکارڈ قائم کرنے کا مکمل انتظام کر رکھا ہے اور یہ سلسلہ رات بھر جاری رہے گا۔