شہر شہر جشن سالِ نو، ون ویلرز، فائرنگ کرنیوالوں کی پکڑ دھکڑ

Celebration New Year

Celebration New Year

لاہور (جیوڈیسک) ملک بھر میں نئے سال کا جشن منانے کیلئے منچلے سڑکوں پر نکل آئے۔ مینار پاکستان کے پہلو میں گریٹر اقبال پارک میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ۔ ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ روکنے کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیئے گئے۔ مری میں موٹر سائیکل سواروں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

2017ء ہوگیا ہے پرانا اور آ گیا ہے 2018ء کا زمانہ۔ من چلے نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ خوب ہلہ گلہ جاری ہے۔ موج مستی بھی عروج پر ہے۔ جبھی تو پولیس بھی ہوشیار ہے اور منچلوں کے استقبال کیلئے پھر سے تیار ہے۔

باغوں کے شہر لاہور میں مینار پاکستان کے پہلو میں گریٹر اقبال پارک میں رات بارہ بجے آتشبازی کا شاندار مظاہرہ شروع ہوا۔ بحریہ ٹاؤن میں بھی نئے سال کے آغاز پر آسمان پر خوب رنگ بکھرے۔ شہر میں 10 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ ون ویلرز اور ہلڑ بازی کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کیلئے خصوصی سکواڈ بھی بنا دئیے گئے ہیں۔

اسلام آباد کے لیک ویو پارک میں آتشبازی کا مظاہرہ جاری ہے۔ راولپنڈی میں بھی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں آتش بازی کا سلسلہ جاری ہے۔ جڑواں شہروں میں خصوصی سکیورٹی پلان بھی تشکیل دیدیا گیا ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کے لئے خصوصی ٹریفک پلان کے تحت موٹر سائیکل سواروں کے شہر میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

حیدر آباد میں نیو ایئر نائٹ پر منچلوں کو ہوائی فائرنگ سے روکنے کیلئے اہم مقامات پر چوکیاں قائم کر دی گئی ہیں۔ کوئٹہ میں نیو ایئر نائٹ پر پولیس کے ساتھ ایف سی اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹی دیں گے۔