کرپشن نے ملک تباہ کر دیا، ترقی کیلئے اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے: صدر ممنون

 Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کرپشن اور بدعنوانی نے ملک کو تباہ کر دیا ہے پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے بدعنوان لوگ خواہ کسی شعبہ میں بھی ہوں ان سے فاصلہ رکھا جائے۔

ماضی میں پاکستان کو جتنا خراب کیا گیا ہے اب اسے زیادہ خراب نہیں کیا جا سکتا۔ اب وقت ہے کہ ہم تمام خرابیوں کو دور کر کے ملک کو صحیح راستے پر ڈال کر آگے لے جائیں۔ وہ منگل کو ایوان صدر میں خیبر پی کے چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے۔ وفد نے صدر کو صوبہ کے تاجروں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

صدر نے ایف بی آر سے متعلقہ شکایات پر کہا کہ ایف بی آر خیبر پی کے کے تاجروں کو کے پی کے صنعتکار پیکج، ایف بی آر کی روح کے مطابق سہولیات فراہم کرے۔

تاجروں نے صدر کو بتایا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی وجہ سے ادویہ ساز کمپنیوں کو شدید مسائل کا سامنا ہے اس پر بھی صدر نے یقین دلایا کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے معاملات کا جائزہ لیکر دوا سازوں کے مسائل حل کرا یا جائے گا۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ تمام مسائل کے حل کے لئے وزیراعظم اور وزیر خزانہ سے بات کر یں گے۔