فرنیڈز ہسپتال کا قیام پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے ہموطنوں کیلیے ایک بے مثال تحفہ ہے۔ محمد عرفان عادل

 Hospital Visit

Hospital Visit

راولپنڈی : پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے بانی و صدر محمد عرفان عادل نے گزشتہ دنوں راولپنڈی پاکستان میں فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے نائب صدر شیخ بشیر احمد کی دعوت پر فرینڈز ہسپتال کا دورہ کیا۔ ہسپتال پہنچنے پر فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین پیر امجد حسین، نائب صدر شیخ بشیر احمد اور ہسپتال انتظامیہ نے انکا استقبال کیا۔ شیخ بشیر احمد نے محمد عرفان عادل کو ہسپتال کا دورہ کروایا اور تمام شعبہ جات اور کام کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا۔

اس موقع پر محمد عرفان عادل نے اپنے تاثرات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ فرینڈز ہسپتال کا قیام کویت میں پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے ہموطنوں کیلیے ایک بے مثال تحفہ ہے۔

کویت میں بسنے والے تمام پاکستانیوں نے اس کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات انتہائی قابل ستائش ہیں، جس پر میں پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی جانب سے فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کی تمام ٹیم اور انتظامیہ کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور یہ پراجیکٹ ہم سب کیلیے ایک عظیم صدقہ جاریہ ہے۔

انہوں نے وہاں علاج کیلیے آنے والے کچھ مریضوں سے بھی بات چیت کی اور انکے تاثرات کے مطابق ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات انتہائی حوصلہ افزاء اور اطمینان بخش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت نے روز اول سے ہی صدقہ جاریہ کے اس عظیم کار خیر میں فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کیا ہے اور ہمارا تعاون آئندہ بھی انشاء اللہ اسی طرح جاری رہے گا اور ہم سبکو دکھی انسانیت کی خدمت کے اس عظیم منصوبے کا حصہ بننے پر خوشی اور فخر ہے۔

ہم فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کی کامیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین پیر امجد حسین ، نائب صدر شیخ بشیر احمد اور ہسپتال انتظامیہ نے محمد عرفان عادل کا ہسپتال کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔