حکومت مدت پوری نہ کر سکی تو یہ مسلم لیگ ن کی ناکامی ہو گی: بلاول بھٹو

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

لاہور (جیوڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت مدت پوری نہ کر سکی تو یہ مسلم لیگ ن کی ناکامی ہو گی، بلوچستان میں ان کی سیاسی بغاوت قومی سطح پر جاتی دکھائی دے رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کہتے ہیں ٹرمپ کے بیان پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا چاہئے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو نے لاہور میں پارٹی رہنماء چودھری منظور کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور نیئر حسین بخاری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان کی شادی ان کا ذاتی ایشو ہے، اگر یہ خبر درست ہے تو انہیں مبارک ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت مدت پوری نہ کر سکی تو یہ ناکامی مسلم لیگ ن کی ہو گی، ہماری کارکردگی سندھ میں بہت اچھی ہے، بلوچستان میں سیاسی صورتحال خراب ہے، ہمارا بلوچستان میں ایک بھی ایم پی اے نہیں ہے پھر میرا وہاں کیا منفی سیاسی کردار ہو سکتا ہے؟ بلوچستان میں جو سیاسی بغاوت مسلم لیگ ن کے خلاف شروع ہوئی ہے وہ قومی سطح پر جاتی دکھائی دے رہی ہے۔

اس موقع پر قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے بیان پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلانا چاہئے، صرف وزیر خارجہ کے بیان کافی نہیں، کشکول توڑ کر خود انحصاری کو اپنانا ہو گا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ان کا کہنا تھا کہ کل صورتحال دیکھ کر فیصلہ کریں گے، سٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں وہ فیصلہ کریں گے جو ملک و قوم کے حق میں بہتر ہو گا۔