حکومت کا نیشنل ایکشن پلان میں مزید 6 نکات بڑھانے کا ارادہ

National Action Plan

National Action Plan

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے نیشنل ایکشن پلان میں مزید چھ نکات بڑھانے کا ارادہ کر لیا ہے۔ ان نکات میں پاک چین اقتصادی راہ داری کا تحفظ، مدارس کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں بھی اصلاحات، فرقہ واریت کی حوصلہ شکنی اور اقلیتوں کا تحفظ شامل ہے۔ان نکات کی سفارش نیکٹا نے کی تھی، اس بات کا انکشاف جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی قومی اتھارٹی (نیکٹا) نے یہ سفارش کی تھی کہ نیشنل ایکشن پلان میں مزید چھ نکات کا اضافہ کردیا جائے، حکومت نے یہ تجویز منظور کر لی ہے۔

نئے نکات میں پاک چین اقتصادی راہ داری کا تحفظ، مدارس کے ساتھ ساتھ اسکولوں میں بھی نصابی اصلاحات، پنجاب کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں عسکریت پسندوں کے لیے زیرو ٹالرنس، فرقہ وارانہ کارروائیوں کی روک تھام، اقلیتوں کا تحفظ اور تمام انٹیلی جینس ایجنسیوں کے مشترکہ میکانزم کا قیام شامل ہیں۔

اس کے علاوہ اسی ماہ نیشنل انٹرنل سیکورٹی کانفرنس بھی طلب کر لی گئی ہے جس میں ملک کی اندرونی سلامتی کو درپیش خطرات کا جائزہ لیا جائے گا۔