گجراتی بولنے والے قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں’ جی کیو ایم

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گجراتی قومی موومنٹ کے سربراہ گجراتی سرکار امیر سولنگی المعروف سورٹھ ویر نے گجراتی زبان بولنے والی تمام برادریوں سے اپیل کی ہے کہ تمام برادریاں سیلاب سے متاثرہ بے یارومددگار پاکستانی بھائیوں کی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

گجراتی سرکار نے کہا کہ گجراتی زبان بولنے والی برادریاں پاکستانی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اور اسٹاک ایکسچینج سے صنعت ‘ تجارت اور بنکنگ تک ہر شعبے میں ملک و قوم کی ترقی کیلئے اپنی ذمہ دارانہ و دیانتدارانہ خدمات انجام دے رہی ہیں جبکہ اللہ نے گجراتی بولنے والوں کو ان کی نیت و خدمت کے مطابق اپنے لطف و کرم سے بھرپور انداز سے نوازا بھی ہے۔

اسلئے جس طرح گجراتی بولنے والے ہر مصیبت کی گھڑی میں آگے بڑھ کر قوم کو مشکلات سے نکالنے اور استحکام پاکستان کیلئے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتے آئے ہیں اسی طرح آج بھی سیلاب متاثرین کو ان کے اسی کردار کی ضرورت ہے کیونکہ حکمرانوں نے تو مصیبت زدہ پاکستانیوں کے مسائل و مصائب حل کرنے کی بجائے کرپشن و کمیشن کے ریکارڈ قائم کرنے اور قوم کو مزید مصائب ‘ مسائل و مشکلات میں دھکیلنے کی قسم کھارکھی ہے۔