امام کعبہ کی وزیر اعظم نواز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات

 Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) امامِ کعبہ صالح بن محمد بن طالب پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جہاں پران کی ملاقات وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے ہوئی۔

وزیراعظم اور امام کعبہ کے درمیان ملاقات میں مذہبی رہنما اور اسکالرز کس طریقے سے دین ِ اسلام سے متعلق “منفی پروپیگنڈے” کا سد ِ باب کر سکتے ہیں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

امام کعبہ نے پاکستان میں پرجوش خیرمقدم پر پاکستانی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات “قریبی اور مستحکم” اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کا بے حد احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسلام محبت، امن، صبر، درگزر، احترام اور انسانیت کا پیغام دیتا ہے جسے دنیا بھر میں پھیلانے کی اشد ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز نوشہرہ میں امام کعبہ شیخ صالح نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کے دوران خطبہ جمعہ دیا تھا جس میں انہوں نے مسلم امہ کے متحد ہونے کی اہمیت پر زور دیا تھا۔