داعش امریکا کو خوفزدہ نہیں کر سکتی، براک اوباما

Barack Obama

Barack Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر براک اوباما کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا میں دہشت گردی جیسے واقعات سے داعش ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے ہفتہ وار بیان میں امریکی صدر براک اوباما کا کیلیفورنیا کے واقعہ پر کہنا تھا کہ ممکن ہے کہ تاشفین ملک اور ان کے شوہر سید رضوان فاروق کو دہشت گردی کرنے پر اکسایا کیا گیا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکن ہیں اور ایک آزاد معاشرے میں ہم اپنی اقدار کو برقرار رکھیں گے، ہم مضبوط اعصاب کے مالک ہیں اور ہمیں خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کیلیفورنیا کا سانحہ ہماری توجہ ان فرائض کی جانب مبذول کراتا ہے کہ تمام معاشروں کو ایک ساتھ کس طرح طاقت کے ذریعے سے محفوظ بنانا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کیلیفورنیا کے علاقے سان برنارڈینو میں سید رضوان فاروق اور ان کی اہلیہ تاشفین ملک نے ایک سماجی مرکز میں فائرنگ کر کے 14 افراد کو ہلاک اور 21 کو زخمی کر دیا تھا۔ داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ دونوں نے اللہ کی راہ میں اپنی جان قربان کی ہے۔