کمیونٹی بس پر حملہ دہشتگردی کی بدترین کاروائی ہے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم صفورہ گوٹھ پر اسماعیلی برادری کی بس پرحملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ کمیونٹی کی بس پر حملہ دہشتگردی کی بدترین کاروائی ہے ، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، قبل ازوقت مذہبی رنگ دیکر واقعے کو مذہب سے جوڑنا مجرموں کی پشت پناہی کے مترادف ہے۔

دن دیہاڑے قتل عام کا یہ المناک سانحہ سیکورٹی اداروں اور حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اورپوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ وزیر اعلیٰ کو اس المناک دہشت گردی کے واقعے کے بعد استعفیٰ دینا چاہیے،آئی جی سندھ کی معطلی وبحالی سمجھ س ے باہرہے، بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں مفتی محمد نعیم نے کراچی صفورہ گوٹھ میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد مذموم کاروائیوں کے ذریعے وطن عزیز میں فرقہ واریت پھیلانا چاہتے ہیں۔

دہشت گردی وطن عزیز کیلئے ناسور کی صورت اختیار کرچکی ہے ، ہر دہشت گردی کے واقعے کے بعد حکمران ایک دو روز سوگ کا اعلان کرکے عملی اقدامات پر توجہ نہیں دیتے اور دہشت گرد چند دن آرام کرنے کے بعدنئی واردات کی پلاننگ میں مصروف ہوجاتے ہیں تو ہر سیاستدان کریڈٹ لینے کیلیے بیان بازی کرنا شروع کرتاہے،حکومت دعے کرتی ہے کہ ہم دہشت گردی ختم کردی ہے، انہوں نے کہاکہ کراچی میں کئی سال سے جاری آپریشن اور ہزاروں کی تعداد میں مجرموں کی گرفتاری کے باوجود اتنا بڑے المناک سانحہ کا پیش آناپوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

پیپلزپارٹی کی حکومت ہر طرح سے ناکام ہوچکی ہے 80 سالہ قائم علی شاہ کو اب وزارت سے استعفیٰ دیکر گھر جانا چاہیے تاکہ کراچی میں امن قائم ہوسکے۔ انہوںنے کہاکہ پاک چین راہ داری معاہدوں کے بعد دشمن طاقتیں وطن عزیز کو غیر مستحکم کرنے میں مصروف ہیں ، انہوںنے کہاکہ حکمران بلاتفریق رنگ ونسل وسیاست کے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کریں کراچی شہر کی عوام آخر کب تک اپنے پیاروں کی لاشیں اٹھاتی رہے گی۔

مفتی محمد نعیم نے مزید کہاکہ عالمی سطح پرملک کو دہشت گردی کی نام نہاد جنگ میں دھکیلا گیاہے دشمن عناصر بلوچستان وسرحدسمیت ملک بھر میں دہشتگردی کے واقعات میں مصروف ہیں ، وطن عزیز کا ازلی دشمن بھارت وطن عزیز میں دہشت گردی کی کاروائیوں میں ملوث ہے دہشتگردی میں بیرونی ہاتھ کو نذرانداز نہیں کیاجاسکتاہے، دشمنوں کو مذموم مقاصد میں ناکام بنانے کیلئے پوری قوم کو اتحاد ویکجہتی کی فضاء قائم رکھنی ہوگی باہم اتحاد واتفاق کے ذریعے دشمنوں کو مذموم مقاصد میں ناکام بنانا ہوگا۔