کراچی میں سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے قافلے پر حملہ

Rao Anwar

Rao Anwar

کراچی (جیوڈیسک) سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور فرار ہوگئے۔

سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار بن قاسم پولیس اسٹیشن سے قائد آباد پولیس اسٹیشن کی جانب روانہ ہوئے جہاں سفید کار میں سوار ملزمان نے ان کا تعاقب کیا اور لنک روڈ کے قریب ان کی گاڑی پر فائرنگ کی اور دستی بم پھینکا تاہم ایس ایس پی راؤ انوار بکتر بند گاڑی میں سوار تھے جس کے باعث وہ مکمل طور پر محفوظ رہے۔

ایس ایس پی کے قافلے پر حملے کے بعد ان کی سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے ملزمان پر جوابی فائرنگ کی جس کے بعد حملہ آور لنک روڈ کی جانب فرار ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایس ایس پی راؤ انوار نے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا جس میں انہوں نے دہشت گردوں کا تعلق ایم کیوایم سے ظاہر کرتے ہوئے ان کے بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ سے تربیت یافتہ ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔