کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرہ پندرہ اگست کو بلجیم کے دارالحکومت میں ہو گا

Protest in Front of Indian Embassy in Brussels

Protest in Front of Indian Embassy in Brussels

برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل ای یو کے زیراہتمام بروز منگل 15 اگست 2017 ؁ء یوم سیاہ کے موقع پربلجیم کے دارالحکومت برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے ایک بھرپوراحتجاجی مظاہرہ ہو گا۔ مظاہرہ صبح ۹ بجے شروع ہوگا اوردن گیارہ بجے تک جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ کشمیرکے دونوں حصوں میں موجود باشندے اور دنیاکے دوسرے خطوں میں رہنے والے ان کے کشمیری ہم وطن ہرسال 15 اگست بھارت کے یوم آزادی کو احتجاجاً یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں۔ کشمیر کونسل ای یوکے چیئرمین علی رضا سید نے اپپنے ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت نے کشمیریوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے۔

انھوں نے حالیہ دنوں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں چار نوجوانوں کی شہادت کی بھی مذمت کی۔علی رضاسید نے کہاکہ برسلزکے مظاہرے میں بلجیم میں مختلف تنظیموں کے نمائندوں اورکارکنوں علاوہ متعدد یورپی ممالک سے لوگ شریک ہوں گے۔ انھوں نے کہاکہ ہم بھارتی مظالم اور کشمیرکی آزادی کے لیے اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے۔ بھارت اس وقت کشمیریوں پر سنگین جرائم میں ملوث ہے اور ہم بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کرناچاہتے ہیں۔

علی رضا سید نے کہا کہ بھارت ایک طرف جمہوریت کی بات کرتاہے لیکن اس نے کشمیریوں کی آزادی اور جمہوری حقوق کوصلب کررکھاہے۔ انھوں نے کہاکہ ہم پندرہ اگست یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیرکے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہارکرتے ہیں۔ انھوں نے زوردے کرکہاکہ کشمیرکی آزادی تک پرامن جدوجہد جاری رہے گی اور ایک دن یہ جدوجہدضرور اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی۔علی رضاسید نے مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش ظاہرکی اور عالمی برادری سے اس مسئلے پر خصوصی توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔

انھوں نے مقبوضہ کشمیرمیں ظالمانہ اور بے رحمانہ قوانین کے خاتمے کا مطالبہ کیااور کہاکہ مقبوضہ وادی میں لوگ اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں اور انھیں پرامن احتجاج کا بھی حق نہیں۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے واضح کیاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اپنی منزل کے قریب ہے اوربہت جلد کامیابی نصیب ہوگی ۔ انھوں نے مطالبہ کیاکہ کشمیریوں کو ان کی خواہشات کے مطابق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔