خیبر پختونخوا: پی ٹی آئی نے ضلع کونسل کی 134 نشستیں جیت لیں

PTI

PTI

پشاور (جیوڈیسک) خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات کے غیرسرکاری نتائج کے مطابق ضلع کونسل کی کل 978 نشستوں میں سے پاکستان تحریک انصاف 134 سیٹیں جیت کر سب سے آگے ہے۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق اب تک ضلع کونسل کی 462 نشستوں کے نتائج کا اعلان ہوچکا ہے۔

نتائج کے مطابق آزادہ امیدواردوسرے نمبر پر ہیں جنہوں اب تک 82 سیٹیں اپنے نام کرلی ہیں جبکہ تیسرے نمبر جمعیت علما اسلام ہے، جس نے 65 نشستیں حاصل کرلی ہیں ۔ن لیگ 54 ،جماعت اسلامی 51جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں اب تک کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو ضلع کونسل پر واضح برتری حاصل ہے۔

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے بعد غیر سرکاری نتائج کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 134نشستیں حاصل کرکے آگے ہے جبکہ جمعیت علما اسلام ،جماعت اسلامی ،عوامی نیشنل پارٹی ،ن لیگ کے بھی کافی امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں ۔تاہم پیپلز پارٹی کی وہی پوزیشن رہی جو عام انتخابات میں تھی۔

پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں جیتنے والے امیدوار اور انکے حامی اپنی فتح کا جشن منارہے ہیں۔جبکہ ہارنے والوں کو شکایت ہے کہ انتخابات شفاف نہیں تھے صوبائی حکومت انتخابات کے انتظامات اور نتائج پر مطمئن دکھائی دے رہی ہے۔