محمد علی اس دور کا عظیم ستارہ تھے اور رہیں گے : اوباما

 Barack Obama

Barack Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) عظیم باکسر محمد علی کو امریکی ریاست کینٹکی میں واقع انکے آبائی شہر لوئی ول میں منعقدہ ایک تقریب میں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مسلمان، عیسائی، یہودی اور دیگر لوگوں نے شہری حقوق کیلئے محمد علی کی جدوجہد کو یاد کیا جب کہ امریکی صدر بارک اوباما کے پیغام کو پڑھ کر سنایا گیا۔

اوباما نے محمد علی کی اوریجنلیٹی کی تعریف کی اور انہیں اس دور کا عظیم ستارہ بتایا جو کہ سچا اور انتہائی بااثر تھا۔ امریکی صدر اوباما کے مشیر ویلیری جیرٹ محمد علی کو ذاتی طور پر جانتے ہیں انھوں نے دعائیہ تقریب میں اوباما کا پیغام پڑھ کر سنایا جس میں علی کو اپنے عہد کا برتر، روشن تر اور کسی سے بھی زیادہ بااثر شخص قرار دیا۔

انہوں کہا محمد علی امریکہ تھے، وہ ہمیشہ امریکہ رہیں گے۔ امریکی میڈیا کے مطابق محمد علی کی یاد میں ایک بین المذاہب ہم آہنگی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ محمد علی کی یاد میں دعائیہ تقریب کے ایف سی ایم سینٹر میں منعقد کی گئی جہاں معروف شخصیات کے علاوہ ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

سابق امریکی صدر بل کلنٹن نے کہا محمد علی ایک آزاد شخص تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کی سٹوری خود لکھی ہے۔ انہوں نے نسل، ملک، دوسروں کی مثبت یا منفی توقعات کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنی کہانی خود لکھی۔ یہودی کامیڈین بلی کرسٹل نے کہا باکسنگ کو چھوڑے 35 سال گزرنے کے باوجود محمد علی دنیا کا چیمپئن ہے۔