مہمند ایجنسی: ایف سی کیمپ کی مسجد پر حملہ، 4 بمبار ہلاک، 2 اہلکار شہید

FC Personnel

FC Personnel

مہمند ایجنسی (جیوڈیسک) مہمند ایجنسی میں غلنئی کیمپ کی مسجد پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے ایف سی کیمپ میں ریکروٹس کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والے چاروں خود کش حملہ آوروں کو مار دیا گیا ہے، حملے میں 2 ایف سی اہلکار شہید اور 14 زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مہمند ایجنسی میں صبح 6 بجے غلنئی کے ایف سی کیمپ میں اسلحے سے لیس 4 حملہ آوروں نے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی جہاں متعدد ریکروٹس موجود تھے۔حملہ آوروں نے فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں کا گھیراؤ کرکےانہیں مسجد سے باہر ہی روک دیا گیا جس کے نتیجے میں 2 سیکورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔

واقعے میں 2 حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑایا جبکہ 2 حملہ آوروں کو سیکورٹی فورسز نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔