مسلم لیگ ن کا کارکن ہونے میرے لئے باعث فخر ہے : سمیع اللہ چوہدری

Sami Ullah Choudhry Meeting

Sami Ullah Choudhry Meeting

لاہور : مسلم لیگ (ن) پنجاب کے نو منتخب سیکرٹری اطلاعات سمیع اللہ چوہدری نے کہا ہے کہ عوام نے افرا تفری کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے اور وہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی پالیسیوں کو سراہتے ہیں۔مسلم لیگ(ن) کا کارکن ہونے میرے لئے باعث فخر ہے۔

صحافیوں و کالم نگاروں سے رہنمائی لے کر کام کریںگے،تبدیلی دھرنے دینے سے نہیں بلکہ کارکنوں کا حوصلہ بڑھانے سے آتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں سینئر صحافیوں و کالم نگاروں کے اعزاز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سینئر صحافی و کالم نگار مجیب الرحمان شامی،نجم ولی خان،خواجہ فرخ سعید،ناصر اقبال خان،حافظ خالد ولید،سہیل وڑائچ،خالد عباس ڈار،یحییٰ مجاہد،حبیب اللہ سلفی،ممتازحیدر اعوان،محمدشاہد محمود،نسیم الحق زیدی و دیگر بھی موجود تھے۔سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میاں برادران کی قیادت میں متحد ،منظم اورپاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔

آئندہ الیکشن میں عوام مسلم لیگ (ن) پر دوبارہ اعتماد کرتے ہوئے دھرنا پارٹی کو بھرپور جواب دیں گے۔پاناما کا ڈرامہ انجام تک پہنچنے کا وقت آگیا،وزیر اعظم نواز شریف پر الزام لگانے والے بری طرح شرمندہ ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ حکومت پر گند اچھالنے والوں سے اب عدالت میں ان کے الزامات کے ثبوت طلب کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شریف برادران پاکستان کی سربلندی کی علامت ہیں،مسلم لیگ(ن) کے کارکنان ہی قیادت کے ساتھ ملکر تبدیلی لائیں گے اور وطن عزیز پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔