نواز شریف، مریم اور کیپٹن (ر) صفدر کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت

Nawaz Sharif, Maryam Nawaz, Captain Safdar

Nawaz Sharif, Maryam Nawaz, Captain Safdar

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وز یراعظم نواز شریف ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف تین نیب ریفرنسز کی سماعت جاری ہے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سماعت کررہے ہیں جب کہ عدالت کے طلب کیے جانے پر استغاثہ کے مزید 2 گواہ زوار منظور اور تسلیم خان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

آج ایک مرتبہ پھر سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر عدالت کے روبرو پیش ہوئے ، اس موقع پر عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے۔

خیال رہے کہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ کی 18، ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی 17 اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی 21 سماعتیں ہوچکی ہیں۔

نواز شریف 10 مرتبہ، مریم نواز 12 اور کیپٹن (ر) صفدر 14 مرتبہ عدالت کے روبرو پیش ہو چکے ہیں۔

سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا ہے۔

العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

نواز شریف کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز اب تک عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے انہیں مفرور ملزم قرار دے کر ان کا کیس الگ کر دیا تھا۔