نواز شریف کی مسلسل غیر حاضری پر نیب کا یکطرفہ کارروائی کرنے پر غور

 NAB

NAB

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کی نیب میں عدم پیشی اور مسلسل غیر حاضری پر نیب نے شریف خاندان کے خلاف یکطرفہ کارروائی پر غور شروع کر دیا، نیب نے جے آئی ٹی اراکین کا بیان ریکارڈ کرنے کے لیے سپریم کو رٹ میں بھی درخواست دائر کر دی۔

نیب ذرائع کے مطابق نواز شریف کا نیب کے سامنے پیش نہ ہونا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ نواز شریف اگر مسلسل غیر حاضر رہے تو یکطرفہ کاروائی کریں گے۔ نیب کے مطابق شریف خاندان کے سکیورٹی سٹاف نے طلبی کے سمن وصول کئے جس کے دستاویزی ثبوت بھی موجود ہیں۔

دوسری جانب ڈی جی نیب آپریشنز نے جے آئی ٹی ممبرز کے بیان ریکارڈ کرنے کے لئے متفرق درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی۔

نگران جج جسٹس اعجاز الااحسن کو دی گئی متفرق درخواست میں استدعا کی گئی کہ ریفرنس دائر کرنے سے پہلے جے آئی ٹی اراکین کا بیان ریکارڈ کرنا چاہتے ہیں۔

عدالت اراکین کو نیب تفتیشی افسر کے سامنے بیان ریکارڈ کرانے اور بطور استغاثہ گواہ ٹرائل کورٹ کی کارروائی میں شامل ہونے کا حکم دے۔