نواز شریف کی پالیسیوں کو آگے بڑھا رہے ہیں، وزیر اعظم

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

اٹک (جیوڈیسک) وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے اٹک میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہر گیس صارف کو آج 24 گھنٹے گیس مل رہی ہے، ذخیرے کی دریافت بہتر مستقبل کی نوید ہے، ذخیرہ سے 2500 بیرل تیل یومیہ حاصل کیا جا سکے گا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان نے کہا کہ جھنڈیال آ کر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں، امید ہے ایسی مزید دریافتیں بھی ہوتی رہیں گی، ذخیرہ دریافت ہونے پر اٹک گروپ کو مبارکباد دیتا ہوں، حکومت گیس لگانے کے لیے فنڈز فراہم کرے گی، جس علاقے سے گیس دریافت ہوتی ہے پہلا حق اس کا ہوتا ہے۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومتی کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے 10 ہزار میگا واٹ بجلی نظام میں شامل کی ہے، پاکستان بننے سے اب تک 20 ہزار میگا واٹ بجلی بنی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن اگست 2018ء میں ہونے ہیں۔

عوام نے فیصلہ کرنا ہے، ہم نے جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے، جمہوریت کی مضبوطی کے بغیر ترقی کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، ملک میں ترقی اس وقت ممکن ہو گی جب جمہوریت پروان چڑھے گی، 1999ء سے لے کر 2013ء تک کے کام ایک طرف اور ہمارے 4 سال کے کام زیادہ ہوں گے۔