نواز شریف کی آج لندن سے پاکستان واپسی کا پلان، کل احتساب عدالت پیش ہونگے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی دوسری کیمو تھراپی کے بعد آج قومی ایئر لائن کی پرواز 786 سے لندن سے وطن واپس روانہ ہوں گے جبکہ کل صبح اسلام آباد پہنچیں گے اور پرسوں احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق احتساب عدالت میں پیشی کے بعد نواز شریف پاکستان میں قیام کے دوران اسلام آبادمیں پارٹی قائدین، ارکان اسمبلی اور قانونی ماہرین سے ملاقاتیں کریں گے جس میں سیاسی صورتحال اور نیب کیسز پر مشاورت کی جائے گی اور آئندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی، اسلام آباد کے بعد جاتی امرا لاہورمیں بھی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کا این اے 120کا دورہ بھی متوقع ہے جہاں وہ ضمنی الیکشن میں کامیابی پر حلقے کے عوام کا شکریہ ادا کریں گے، پاکستان آنے سے قبل نواز شریف نے کہا مائنس یا پلس ون کا فیصلہ فرد واحد یاغیبی قوت نہیں عوام کرتے ہیں، آئند انتخابات میں پتہ چل جائے گا کہ عوام کس کو پلس اور کس کو مائنس کرتے ہیں، کارکن افواہوں پرکان نہ دھریں اور آئندہ انتخابات کی تیاری کریں، 3 نومبر کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گا۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف سے وزیراعلیٰ پنجاب نے طویل ملاقات کی، شہباز شریف اپنے صاحبزادے سلمان شہباز اور صاحبزادی کے ہمراہ پارک لین فلیٹ پہنچے، اس موقع پر حسن نواز، حسین نواز بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال اور نیب کیسز پر مشاورت کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ شریف فیملی متحد ہے اور سازشوں کا مقابلہ کر کے انہیں نا کام بنائیں گے۔

مریم نواز، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز ملکر کام کریں گے۔ نوازشریف نے تینوں کو رابطے بہتر بنانے اور شہباز شریف کو ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدیت کی۔ وزیر اعلٰی پنجاب نے بیگم کلثوم نواز کی عیادت بھی کی۔