نائجیریا پاکستان سے رواں برس 3 جے ایف 17 تھنڈر خریدے گا

A PAF JF-17

A PAF JF-17

کراچی (جیوڈیسک) برطانوی دفاعی جریدے کے مطابق نائجیریا پاکستان سے رواں برس تین جے ایف 17 تھنڈرخریدے گا ،جریدے نے نائجیرین اخبار پنچ ”Punch“ کے حوالے سے بتایا کہ نائجیریا نے 2016 کے بجٹ میںپاکستان سے تین جے ایف 17 تھنڈر خریدنے کے لئے ڈھائی کروڑ ڈالر کی رقم مختص کی ہے۔

اخبار نے بجٹ کی دستاویز کی نقل کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تین جے ایف تھنڈر کےلئے پانچ ارب نائجیرین نائیرا (25ملین ڈالر) مختص کیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ بجٹ میں دس پے اے سی سپر مشاق اور دو ایم آئی35ایم ہیلی کاپٹر کےلئے بھی رقم مختص کی گئی ہے۔

برطانوی جریدے نے دسمبر 2014 میں ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ نائجیریا کی طرف سے جے ایف تھنڈر کی خریداری حتمی مراحل میں ہے ،تاہم اس کی باقاعدی تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

دوسری طرف سری لنکا کے اخبار”دی مرر“ نے رپورٹ دی ہے کہ سری لنکا کی طرف سے پاکستان سے آٹھ جے ایف 17 لڑاکا طیاروں کی خریداری کے معاہدے سے سری لنکن فضائیہ نے لاعلمی کا اظہار کردیا ہے، سری لنکا کے ساتھ پاکستان کا جے ایف 17تھنڈر کا معاہدہ ہوا ہے اس پر جب اخبار نے رابطہ کیا تو ائیر فورس کے گروپ کیپٹن چاندیما الوس نے کہا کہ اس طرح کسی بھی معاہدے کے متعلق نہیں جانتے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک سری لنکن فضائیہ کا تعلق ہے تو ہم نے اس سلسلے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا اور نہ ہی ہمیں اس کے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔ لہذا ہمارے پاس اس طرح کی کوئی معلومات نہیں۔