پاکستان کو مسئلہ کشمیر عالمی عدالت انصاف میں اٹھانا چاہئے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

Barrister Sultan Mahmood Chaudhry

Barrister Sultan Mahmood Chaudhry

پیرس (زاہد مصطفی اعوان) آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم اور کشمیری رہنما بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو مسئلہ کشمیر عالمی عدالت انصاف میں اٹھانا چاہئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے بیرسٹر سلطان کا کہناتھاکہ کلبھوشن یادیو کیس کو انڈیا کی جانب سے عالمی عدالت انصاف میں لے جا نے کے بعد پاکستان کو بھی مسئلہ کشمیر عالمی عدالت انصاف میں لے جانا چاہئے۔ اس سلسلے میں آج عالمی عدالت کے سامنے ایک علامتی مارچ اور مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 27 اکتوبر جسے دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں اس روز جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ملین مارچ کیا جائیگا۔اس شہر کا انتخاب یہاں موجود تاریخی دیوار برلن کے نام کے باعث کیا گیا ہے،کیونکہ دیوار برلن اور کشمیر میں موجود لائن آف کنٹرول میں گہری مماثلت پائی جاتی ہے۔

دونوں ہی تقسیم کی نشانیاں ہیں۔جس طرح برلن وال کے انہدام نے جرمنی کو یکجا کر دیا ہے اسی طرح حق خودارادیت کے پر امن انعقاد کے فیصلے سے لائن آف کنٹرول بھی ختم ہو جائے گی۔واضع رہے کہ بیرسٹر سلطان محمود ان دنوں یورپ کے ایک ہفتہ کے دورہ پر موجود ہیں اور اٹھائیس اکتوبر کو فرانس میں ایفل ٹاور کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔