پاکستان کو روشن و باوقار بنانے کے لئے نوجوانوں کو احساس کمتری کے اندھیروں سے نکلنا ہو گا، ایم اے تبسم

M. A. Tabassum

M. A. Tabassum

لاہور : اسلامی تعلیمات معاشرتی زندگی کے بلند ترین اقدار کو ظاہر کرتی ہیں جن پر عمل پیراہوکرہم دین ودنیا میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، ہمیں بہتر زندگی گزارنے کیلئے قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار کالمسٹ کونسل آف پاکستان(سی سی پی) کے مرکزی صدرایم اے تبسم نے گزشتہ روزدی حمزہ سکول سسٹم (رجسٹرڈ) میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ ہیں اور کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، انشاء اللہ مادر وطن کو ایک باوقار اور روشن پاکستان بنائیں گے ، نوجوانوں کو احساس کمتری کے اندھیروں سے نکلنا ہو گا، قائد اعظم نے کہا تھا کہ میرے نوجوان میرے پاکستان کے پاسبان ہیں، اس عظیم فریضے کے لئے طلبہ کو دینی ودنیاوی تعلیم کی طرف راغب ہونا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ دینی تعلیم ہی ترقی و خوشحالی کا بنیادی زینہ ہے تعلیم سے وابستہ قوموں نے ہمیشہ ترقی کی منازل طے کی ہیں پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے اسے ترقی یافتہ بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے۔