پارہ چنار کے باسیوں نے مظلومین پاکستان کے حوصلے بلند کر دیئے، مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان

Syed Sarfraz Naqvi

Syed Sarfraz Naqvi

لاہور : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سید سرفراز نقوی نے پارہ چنار میں جاری 8 روز سے دھرنے کے شرکا کے مطالبات کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارہ چنار کے پاکستانیوں نے مظلومین و مستضعفین پاکستان کے ہمت اور حوصلے کو بلند کردیا ہے۔ مرکزی صدر کا کہنا تھا شہدائے پارہ چنار کا خون رنگ لایا ہے۔

سید سرفراز نقوی کا کہناتھا کہ پارہ چنار میں کامیاب احتجاج کے بعد اس پرامن لیکن پاکستان کی تاریخ کے ایک اور طاقتور ترین احتجاج کے ذریعے ملت جعفریہ پاکستان نے یہ اعلان کیا کہ اسلام کے نام پر قائم ہونے والے اس وطن کی خاطر اپنے پیاروں کی جانوں کے نذرانے تو پیش کرسکتے ہیں لیکن ہمارے دیس میں امن و انصاف کی جگہ دہشت اور انتہا پسندی کا راج ہو، یہ کبھی برداشت نہیں کریں گے کیونکہ دین اور وطن کی حفاظت ہماراولین فرض ہے۔

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر نے مزید کہا کہ عدم تشدد کے ذریعے ہی احتجاج کا راستہ اختیار کرکے وطن کی بقا کی جنگ میں بے مثال کا میابی حاصل کرکے سرزمین پارہ چنار کے مظلومین نے ثابت کر دیا کہ اصل طاقت ظلم میں نہیں مظلومیت میں ہے۔