شام پر کیمیائی ہتھیاروں کے الزام پر فیصلہ نہیں دے سکتے، جے کارنی

Syria

Syria

شام (جیوڈیسک) وائٹ ہاس کے ترجمان جے کارنی کا کہنا ہے کہ شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔ جے کارنی نے صحافیوں کو بریفنگ میں کہا کہ امریکہ ان دنوں شام میں حکومت مخالف تمام جھڑپوں کا ازسر نو جائزہ لے رہا ہے۔ جس کے بعد ہی درست فیصلہ کیا جا سکے گا کہ شامی حکومت نے باغیوں پر کیمیائی مہلک ہتھیار استعمال کئے تھے یا نہیں۔

جبکہ فرانس کی میڈیکل ٹیم کا کہنا ہے کہ مختلف زخمیوں کے خون کے ٹیسٹ کرنے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ شام میں اعصاب کو نقصان پہنچانے والا کیمیائی ایجنٹ سارین کا استعمال کیا گیا ہے۔ جس کے کچھ شواہد ملے ہیں اب وثوق سے یہ کہنا قبل ازوقت ہو گا کہ اس کیمیائی زہر کا استعمال کون کررہا ہے اور اس کیمیائی مادے کی ترسیل کہاں سے ہوئی ہے۔

امریکی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ بھرپور طریقے سے تحقیقات کر رہے ہیں اور امریکہ شامی حزب اختلاف سے بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ امریکہ چاہتا ہے کہ شام باغیوں کے علاقوں کا محاصرہ بند کرے کیوں کہ ہمیں خطرہ ہے کہ شام باغیوں کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کر سکتا ہے۔