صدر ایردوان کو عالمی سربراہان سے مبارکباد کا سلسلہ جاری

Rajab Tayyip Erdoğan

Rajab Tayyip Erdoğan

ترکی (جیوڈیسک) صدر رجب طیب ایردوان کو انتخابات میں کامیابی کے بعد تہنیتی ٹیلی فون اور پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ جرمنی کا کہنا ہے کہ ہم ترکی میں انتخابی نتائج کا احترام کرتے ہیں۔

صدر ِ جرمنی فرینک والٹر ۔ اشٹائن مائر نے صدر رجب طیب ایردوان کو ٹیلی فون کرتے ہوئے انتخابات میں فتح یاب ہونے کی مبارکباد دی ہے۔

جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس کا بھی کہنا ہے کہ ہم ترک رائے دہندگان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، جن کے ہر فیصلے کو قبول کرنے اور اس کا احترام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اس تمنا کا اظہار کیا کہ جرمنی ۔ ترکی اور ترکی ۔ یورپی یونین تعلقات آئندہ کے دور میں کہیں زیادہ بہتر سطح پر ہوں گے۔

صدرِ فرانس امینول ماکرون نے بھی صدر ترکی کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ “ترک عوام نے آپ کو دوبارہ صدر کا منصب دیا ہے اور پارلیمنٹ میں بھی آپ کے اتحاد ِ جمہور کی کامیابی پر میں دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور فرانس کے نام پر آپ کی اور ترک عوام کی کامیابیوں کا دعا گو ہوں۔

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی صدر ایردوان کو تہنیتی پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ایردوان کی اچھی صحت کامتمنی ہوں اور برادر ترک عوام کے مزید ترقی کرنے کا دعا گو ہوں۔

برطانوی وزیر اعظم تھریسا مئے اور یونانی وزیرِ اعظم الیکسسز چپراس نے بھی صدر ِ ترکی کو ٹیلی فون پر مبارکباد دی ہے۔