متحدہ کو تقسیم کرنے کا سوچنے والے ناکام ہوں گے، فاروق ستار

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنونیر ڈاکٹر فاروق ستارنے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو تقسیم کرنے کا سوچنے اور تانے بانے بننے والے اپنے مقصد میں ناکام ہونگے، ہم مظلوم عوام کی آواز بن کر مہاجر عوام کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک کے خاتمے اور ان کو جائز حقوق دلانے کیلیے جہد مسلسل کر رہے ہیں۔

سندھ میں 90 ہزار آسامیوں میں اگر شہری علاقوں کے نوجوانوں کونظر انداز کیا گیا توہم ہر گز خاموش تماشائی نہیں بنیں گے بلکہ اس ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے۔

فاروق ستار نے یہ بات ایم کیوایم پاکستان کے مختلف شعبہ جات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس سے رابطہ کمیٹی کے ارکان خواجہ اظہار الحسن اور فیصل سبزواری نے بھی خطاب کیا۔

فاروق ستارنے کہاکہ ہم دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹک رہے ہیں لیکن ایم کیوایم کی تقسیم کافارمولانہ کل کامیاب ہو سکا تھا نہ اب کامیاب ہو گا، 22 اگست کے بعد مہاجروں کے ساتھ ذلت آمیزسلوک پر ہم نے 23 اگست کو اپنے موقف سے سازش کرنے والوں کے سارے راستے بند کر دیے پاکستان زندہ بادوالے ہیں پاکستان بنایا تھا اور پاکستان بچائیں گے۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ تحریکوں میں مشکلات و مصائب آتے رہتے ہیں لیکن اس کا یہ ہر گز مقصد نہیں کہ ہمت ہاردی جائے، اس لیے ہم اٹوٹ اور مضبوط پلر کا کردار ادا کرینگے، ایم کیو ایم ہر فرد کی ہے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کو چالوں سے منتشر نہیں کیا جا سکتا، مہاجر اور ایم کیو ایم لازم و ملزوم ہیں ہم نے مظلوموں کی آواز بن کر صدائے حق بلند کی یہ جماعت شہدا اور اسیروں کی قربانی دینے والوں ساتھیوں کی ہے اسے کوئی تقسیم یابرباد نہیں کر سکتا ہم سب اسے اس کااصل مقام دلانے کیلیے شامل ہیں اور اسے منزل تک پہنچائیں گے۔