پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج، معمولات زندگی متاثر

Fog

Fog

لاہور (جیوڈیسک) ملک کے میدانی علاقوں میں دھند اور سموگ کا راج برقرار، لاہور بھی دھند میں کھویا نظر آیا۔ موٹروے اور نیشنل ہائی وے پر حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کا نظام بیٹھ گیا۔

پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا، مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ گڈو تھرمل پاور سٹیشن کی ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند اندھا دھند چھا گئی۔ لاہور کے بھی کئی علاقے دھنددلائے رہے۔ موٹر وے پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جس کے باعث کئی سیکشنز بند کر دیئے گئے۔

ڈرائیورز کو خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔ قصور، وہاڑی، کندیاں، راجن پور اور دیگر علاقوں میں دھند کے باعث مشکلات پیش آئیں۔ ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق بھی ہوئے۔

لاہور، ملتان اور فیصل آباد میں دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا، ٹرینیں بھی رینگ رینگ کر چلتی رہیں۔ سندھ کے بھی کئی علاقے دھند میں کھو گئے۔

گڈو تھرمل پاور سٹیشن کی ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر گئی جس سے ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان، شکارپور، جیکب آباد، سکھر اور کوئٹہ سمیت کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔