کوئٹہ: اسپنی روڈ پر نا معلوم افراد کی فائرنگ، ایس پی سمیت 4 پولیس اہلکار شہید

SP Mubarak Shah

SP Mubarak Shah

کوئٹہ (جیوڈیسک) کوئٹہ میں دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر سکیورٹی فورسسز کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ میں ایس پی مبارک شاہ سمیت چار اہلکاروں کو شہید کر دیا جبکہ ڈرائیور زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق اسپنی روڈ کے کلی باز محمد میں بزدل دہشت گردوں نے اس وقت فائرنگ کی جب ایس پی قائد آباد کی گاڑی گھر سے آفس کی جانب جا رہی تھی، فائرنگ میں ایس پی قائد آباد مبارک شاہ سمیت تین گن مین سید فضل، مدثر اور عرفان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ واقعہ میں ایس پی مبارک شاہ کا ڈرائیور رحمت شاہ زخمی ہو گیا جیسے فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تحقیقات شروع کر دی جبکہ سول ہسپتال میں بھی پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔

وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی اور صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ کی مزمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اطہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ بد امنی اور خوف پھیلانے والے دہشت گردوں کے مزموم مقاصد کو ناکام بنایا جائے گا۔

صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں پر حملے دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں کو مرعوب نہیں کر سکتے، دہشتگردی کے خاتمے کے لئے دی جانے والی قربانیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، حکومت سکیورٹی ادارے اور عوام مل کر بلوچستان سے دہشتگردی کو اکھاڑ پھینکیں گے۔