کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست

Quetta Gladiators

Quetta Gladiators

شارجہ (جیوڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے نویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 135 رنز کا ہدف 17.1 اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں معرکے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی فتح ، ٹیم نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ کیوین پیٹرسن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف آسانی سے عبورکیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے شکست کیساتھ ساتھ ایک اور نقصان بھی ہوا جب رومان رئیس لانگ آن باؤنڈری پر پیٹرسن کی ایک شاٹ کو روکنے کی کوشش میں انجری کا شکار ہو گئے۔

اسلام آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے لیے 135 رنز کا ہدف مقرر کیا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں نے میدان کے چاروں اطراف اچھے شاٹس کھیلے لیکن کوئٹہ کی ٹیم نے اچھی فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 134 رنز تک محدود رکھا۔واضح رہے کہ کرکٹ ایکسپرٹ نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اسلام آباد کی جانب سے دیا جانے والا ہدف کم ہے اس پچ پر 150سے زیادہ کا ہدف ہونا چاہیے تھا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ کپتان مصباح الحق کی ٹیم میں واپسی ہوئی جبکہ جے پی ڈومینی کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بھی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے روسو اور آرچر کی جگہ ہیسٹنگز اور محموداللہ کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔