رمضان تربیت اور تقویٰ کے حصول کا مہینہ ہے۔ منعم ظفر خان

کراچی : اسلامی جمعیت طلبہ سیفی کالج کے تحت انجمن کمپلیکس سخی حسن میں روایتی افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان ، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم نصرت علی ، پرنسپل انجینئر اورنگزیب ناپڑ،ناظم سیفی کالج شاہد طاہر سمیت کارکنان اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان نے کہا کہ رمضان نیکیوں کا موسم بہار ہے

اس ماہ مبارک میں نیکی کرنا آسان اور بدی کے راستے کو مشکل بنا دیا جاتا ہے ۔اس ماہ مبارک میں اللہ نے قرآن کا نزول فرمایا جو ہدایت کا سر چشمہ اور ابد تک کیلئے مشعل راہ ہے ۔ رمضان کے مہینے میں روزہ دار اللہ کی خاطر بھوک ، پیاس اور خواہشات نفس کی تکمیل سے خود کو روکے رکھتا ہے یہ ہی دراصل تقویٰ ہے جو آخرت میںبہترین اجر کا ضامن ہے۔

رمضان المبارک پورے سال نیکی کے راستے پر چلنے اور گناہوں بچنے کی تعلیم دیتا ہے یہ تربیت اور تقویٰ کے حصول کا مہینہ ہے ۔انھوں نے کہا کہ رمضان میں جس طرح معاشرے پر اللہ کا رنگ غالب آجاتا ہے ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ سارا سال اسی طرح اللہ کا قرب حاصل کرنے اور گناہوں سے بچنے کی کوشش کریں۔ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی نصرت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان مسلمانوں کیلئے رحمت ، مغفرت اور جہنم سے آزادی کا پروانہ لیکر آتا ہے ۔ نبی مہربان ۖ اس ماہ مبارک میں عبادت کے ذریعے اللہ کا قرب حاصل کرنے کا خاص اہتمام فرماتے اور تلقین کیا کرتے تھے ۔ رمضان ایثار ،قربانی اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرنے کا درس دیتا ہے۔

یہ ماہ مبارک دراصل مسلمانوں کیلئے اللہ کی طرف سے تحفہ ہے اس ماہ میں اللہ اپنے بندوں پر خاص رحم اور فضل فرماتا ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنان ذاتی تربیت، تقویٰ کے حصول اور دعوت کے فروغ کیلئے رمضان المبارک سے بھر پور استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔

Islami Jamiat Talba

Islami Jamiat Talba

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320