رنویر کو فلم ’’پدماوتی‘‘ کے کردار نے نفسیاتی مریض بنا دیا

Ranveer Singh

Ranveer Singh

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کے نوجوان اسٹار رنویر سنگھ کو فلم ’’پدماوتی‘‘ میں اپنے کردار میں ڈھل جانے کے باعث نفسیاتی مسائل نے آگھیرا۔

رنویر سنگھ فلم میں کردار میں مکمل طور پر ڈھل جانے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں لیکن اب یہ عادت ان کی صحت کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رنویر سنگھ نے ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پد ماوتی‘‘ کے کردار علاؤ الدین خلجی میں ڈھلنے کے لیے خود کو کئی ہفتوں تک گھر میں ہی محدود رکھا تاکہ ذہنی طور پر اس کردار میں گم ہوجائیں۔

فلم پدماوتی کی شوٹنگ بھی کئی ماہ سے جاری ہے اور ایسے میں کردار میں بندھے رہنا مشکل تھا جس کی وجہ سے انہیں یہ انتہائی قدم اٹھانا پڑا لیکن اب اسی سبب انہیں نفسیاتی مسائل نے آگھیرا ہے اور ان کے رویے میں تبدیلی آگئی ہے۔

فلم کی شوٹنگ کے دوران ان رویے میں تبدیلی اور تنہائی پسندی کی وجہ سے وہ خاصی پریشان ہیں اور اسی وجہ سے انہوں نے ماہر نفسیات کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ رنویر سنگھ ایسے حالات سے دوچار ہیں کیوں کہ اس سے قبل بھی فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ کی شوٹنگ کے دوران وہ اپنی عادت کی وجہ سے بیمار ہوگئے تھے۔

رنویر سنگھ نے 2010 میں فنی کیرئیر کا آغاز کیا اور فلمی کیرئیر میں کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں جس میں ’’بینڈ باجا بارات‘‘،’’لیڈیز ورسز رکی بہیل‘‘، ’’لٹیرا‘‘، ’’رام لیلا‘‘،’’دل دھڑکنے دو‘‘ اور ’’باجی راؤ مستانی‘‘ شامل ہیں۔