دین کی بالا دستی کیلئے ملک بھر سے الیکشن میں حصہ لینگے، جیت تحریک لبیک کی ہو گی : علامہ خادم حسین رضوی

Conference

Conference

گجرات (پریس ریلیز) تحریک لبیک یارسول اللہ نے مزار قائد پر باغ جناح میں تاریخ ساز اجتماع کرکے الیکشن مہم کا آغاز کر دیا۔ دین کی بالا دستی کیلئے ملک بھر سے الیکشن میں بھرپور حصہ لینگے اور جیت تحریک لبیک کی ہوگی۔ دین تخت پر آنے کے بعد ایمان کی حفاظت اور ریاست و عوام محفوظ ہو جائینگے، پھر قصور جیسے واقعات نہیں ہونگے۔ تحریک لبیک یارسول اللہ کے قائدین علامہ خادم حسین رضوی، پیر محمد افضل قادری، علامہ غلام غوث بغدادی، سید زمان علی جعفری، مولانا فاروق الحسن، ڈاکٹر شفیق امینی، پیر اعجاز اشرفی، سید عنایت الحق ودیگر کے خطابات۔ جبکہ فضا پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ دستور ریاست کیا ہوگا محمد رسول اللہ، تاجدار ختم نبوت زندہ آباد، آیا آیا دین آیا، لبیک یارسول اللہ کے نعروں سے گونجتی رہی۔

قائدین تحریک نے کہا کہ ایماندار قیادت آگئی تو ملکی ترقی میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوجائینگے۔ ستر سال سے اسلام، ملک اور عوام سے بے وفائی کی گئی، اب محمد عربی کے غلام میدان میں آگئے ہیں، قرون اولیٰ کے مسلمانوں کی یاد تازہ اور پاکستان کو کامیاب ریاست بناکر دم لینگے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست نبوی وسیاست خلفائے راشدین کی طرز پر کام کرتے ہوئے وطن عزیز کو اسلامی فلاحی ریاست بنائینگے اور دہشت گردی، بیرونی مداخلت اور فرقہ وارانہ جنگ وجدال کا خاتمہ کردینگے۔

علامہ خادم حسین رضوی اور پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ کراچی والے نظام مصطفیۖ کیلئے میدان میں آگئے ہیں، عوام کا یہ سمندر عہد کرتا ہے کہ ناموس رسالت، ختم نبوتۖ اور پاکستان کے تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اور مقاصد پاکستان کی تکمیل کیلئے کردار ادا کرینگے۔ آخر میں قائد اعظم محمد علی جناح اور شہدائے ختم نبوت کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور پیر محمد افضل قادری نے ملک وملت کیلئے اجتماعی دعا کروائی۔