ریونیو انتظامیہ پاکستانی ٹیکس نظام میں خرابی کی ذمہ دار ہے، عالمی بینک

World Bank

World Bank

اسلام آباد (جیوڈیسک) عالمی بینک نے کہا ہے کہ پیچیدہ ٹیکس نظام، تنگ ٹیکس بیس اور ٹیکسوں میں بڑے پیمانے پر دی جانیوالی رعایت و چھوٹ کو پاکستان میں کم ریونیو موبلائزیشن کی بڑی وجوہات ہیں۔

ایف بی آر کو ٹیکس دہندگان کے کمپلائنس کی شرح اور ٹیکس وصولیاں بڑھانے کیلیے اپنے سسٹم کو الائن کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹرکچر، آپریشنز اور پراسیس کو جدید ٹیکس ایڈمنسٹریشن سے ہم آہنگ بنانا ہوگا۔

ایف بی آر ذرائع نے کو بتایا کہ یہ بات گروتھ اور ریونیو میں تیزی لانے کیلیے قائم ٹرسٹ فنڈ کے ٹیکسوں سے متعلقہ حصہ پر عملدرآمد کے پہلے سال کے لیے ورک پلان کی تیاری کیلیے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کرنیوالے عالمی بینک کے جائزہ مشن نے اپنی رپورٹ میں کہی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ جائزہ مشن کے دورہ پاکستان کا بنیادی مقصد ایف بی آر کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر موازنہ کرنا اور صلاحیتوں میں اضافے کیلیے سرگرمیوں کی نشاندہی کرنا ہے جنہیں گروتھ اور ریونیو میں تیزی لانے کیلیے قائم ٹرسٹ فنڈ کے ٹیکسوں سے متعلقہ حصے پر عملدرآمد کے پہلے سال کیلیے پروگرام میں شامل کرنا ہے۔