روہنگیا میں انسانی الیہ جنم لے رہا ہے، کیا سات ارب انسانوں کے وسائل ختم ہو گئے۔ فرخ شہباز وڑائچ

Farrukh Shahbaz Warraich

Farrukh Shahbaz Warraich

اسلام آباد : پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کے صدر فرخ شہباز وڑائچ اور جنرل سیکرٹری محمد نورالہدیٰ نے برما میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے انسانیت سوز سلوک کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ روہنگیا میں نیا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے مگر وہاں کے مسلمانوں کا اقوام متحدہ کے کسی امن مشن کا مستحق نہ ٹھہرنا اور وہاں انسانی ایمرجنسی کا نافذ نہ ہونا بذات خود المیہ ہے ۔ انہوں نے مسلم ممالک سے استفسار کیا کہ کیا سات ارب انسانوں کے وسائل ختم ہوگئے یا ڈیڑھ ارب مسلمان اس قدر کمزور ہوچکے ہیں کہ ملکر بھی اس چھوٹی سی کلمہ گو بستی کو اس کی نسل کشی سے نجات نہیں دلا سکتے ؟ ۔

انہوں نے مزید کہا کہ برما کے مظلوم مسلمانوں کو کرب و اذیت اور احساسِ بیگانگی کا سامنا ہے اور وہ عالم اسلام کی سیاسی و عسکری قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اپنے وجود کا پتہ دے اور کردار ادا کرے ۔ پی ایف یو سی کے عہدیداران نے برمی مسلمانوں کے حوالے سے ترکی کے کردار کو قابل تعریف اور حوصلہ افزاء قرار دیا اور دیگر ممالک پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دنیائے عالم کی قیادتوں کی روہنگیا مسئلے کے حوالے سے پر اسرار خاموشی اور لاتعلقی معنی خیز ہے ۔ فرخ شہباز وڑائچ نے قلم کاروں سے اپیل کی کہ وہ تمام ممالک کے صدور ، وزرائے اعظم اور سفارتخانوں کو خط لکھ کر ان کا ضمیر جگانے کی کوشش کریں اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں ۔ ۔