سینیٹ: نااہل شخص کے سیاسی جماعت کا عہدیدار بننے کیخلاف قرارداد منظور

Senate

Senate

اسلام آباد (جیوڈیسک) سینیٹ میں اپوزیشن نے سانپ گزرنے کے بعد لکیر پیٹنے کی مشق کی۔ الیکشن بل کی منظوری کے تین ہفتے بعد غلطی کا احساس کرتے ہوئے نااہل شخص کے سیاسی جماعتوں کا عہدیدار بننے کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی۔

نون لیگی سینیٹر مشاہد اللہ نے اپوزیشن کی قرارداد پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ باکسنگ ختم ہونے کے بعد جو مکا یاد آئے، وہ اپنے منہ پر مار دینا چاہئے۔

حکومتی اراکین نے سینیٹر اعتزاز احسن کی قرارداد کی مخالفت کی۔ ووٹنگ ہوئی تو اپوزیشن کی قرارداد کے حق میں 52 اور مخالفت میں 28 ووٹ پڑے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ جو شخص نااہلی کے باعث رکن پارلیمنٹ نہ بن سکتا ہو اسے پارٹی عہدیدار بھی نہیں ہونا چاہئے، شہریت چھوڑنے، عدالت سے فاتر العقل یا نااہل قرار پانے والا شخص رکن پارلیمنٹ نہیں بن سکتا کیونکہ ایسا غیرمنتخب شخص باہر بیٹھ کر سیاسی جماعت کے فیصلوں پر اثرانداز ہو سکتا ہے اور پارلیمنٹ کو یرغمال بنا سکتا ہے۔