شفقت عباس ملک کے اعزاز میں پروقار تقریب

Bazam e Ahbab

Bazam e Ahbab

تحریر: رانا اعجازحسین چوہان
گزشتہ دنوں ملتان آرٹ کونسل کی ادبی بیٹھک میں ملتان کی معروف ادبی تنظیم بزم احباب کے زیر اہتمام پاکستان ٹیلی ویژن ملتان اسٹیشن کے ہیڈ آف کرنٹ افیئرز جناب شفقت عباس ملک کی شاندار خدمات کے اعتراف میں پروقار تقریب پذیرائی منعقد ہوئی ، جس میں تاریخی شہر ملتان کے معروف ادیبوں ، شاعروں، صحافیوں، کالم نگاروں اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور جناب شفقت عباس ملک کی نمایاں خدمات کو سراہا ۔ پاکستان ٹیلی ویژن ملتان کے ہیڈ آف کرنٹ افیئرشفقت عباس ملک ہر وقت چہرے پر مسکراہٹ رکھنے والے، شفیق دوست ، ملنسار طبیعت کے مالک اور زندہ دل صحافی ہیں۔ انہوں نے اسوقت جب بے شمار نیوز چینلز کی بہتاب کی وجہ سے پاکستان ٹیلی ویژن کا شعبہ نیوز اپنی مقبولیت کھورہا تھا اپنی شب و روز محنت اور دیانتداری سے نہ صرف پاکستان ٹیلی ویژن ملتان اسٹیشن کی مقبولیت میں اضافہ کیا بلکہ بہترین تجزیات کو فروغ دے کر اور جنوبی پنجاب کے مسائل کو بہترین انداز میں اجاگر کرکے یہاں کے لوگوں کے دلوں میں گھر کرلیا۔

کوئی حادثہ ہو یا سانحہ ، سیاسی بحران ہو یا قومی دن کی پریڈ کی تقریب آپ ہر جگہ اپنے علم و فن کے جوہر دیکھاتے نظر آتے ہیں۔ حالات حاضرہ پر گہری نظر، شاندارآواز، اللہ تعالیٰ نے آپ کو بے شمار خداداد صلاحیتوں سے نوازا ہے جن سے بھر پور استفادہ کرتے ہوئے آپ اپنی قابلیت کو منوا رہے ہیں۔نہ صرف نیوز اور کرنٹ افیئربلکہ ڈرامہ اور موسیکی کی باریکیوں پر بھی آپ کو عبور حاصل ہے ۔ شفقت عباس ملک کی شاندار خدمات پر آپ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے معروف ادیب و کالم نگار جناب مسیح اللہ جامپوری نے مختصر الفاظ میں خوب فرمایا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ہیڈ آف کرنٹ افیئر شفقت عباس ملک میں کرنٹ بھی ہے اور اس کو استعمال کرتے ہوئے افیئرز پر عبور بھی حاصل ہے۔

ملتان کی معروف ادبی تنظیم بزم احباب کا شروع ہی سے دستور رہا ہے کہ یہ معاشرے میں بہترین خدمات سرانجام دینے والے ہیروں کو تلاش کرکے ان کی خدمات کو اجاگر اور ان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تقاریب منعقد کرتی چلی آئی ہے۔ لیکن گزشتہ دنوں بزم احباب کے جنرل سیکرٹری معروف صحافی اور ہردلعزیز شخصیت جناب فیاض احمد اعوان عارضہ قلب میں مبتلا رہے اور بالآخر کامیاب بائی پاس آپریشن سے اللہ ربّ العزت نے انہیں ایک نئی زندگی عطاء فرمائی ، اور اب فیاض احمد اعوان صاحب پہلے سے بھی زیادہ محبت کرنے والے ، ملنسار طبیعت کے مالک ہوگئے ہیں۔ ان کے صحتیاب ہونے کے بعدبزم احباب کی جانب سے یہ پہلی تقریب پزیرائی تھی جس میں فیاض احمد اعوان صاحب نے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو اپنے شیریں لہجے سے بار بار اصرار کرکے مدعو کیا ، یہ ان کے لہجے کی مٹھاس اور شفقت عباس ملک سے محبت کا اظہار تھاکہ ملتان آرٹ کونسل کی ادبی بیٹھک کا حال لوگوں سے کچھا کھچ بھرا ہوا تھا اور نشستوں کی تعداد کم رہ جانے پر درجنوں لوگ کھڑے ہوئے تھے۔

اس موقع پر حال ہی میں ملتان آرٹ کونسل کے ڈائریکٹر تعینات ہونے والے عزیز دوست سجاد جہانیہ صاحب نے تجویز پیش کی کہ ملتان آرٹ کونسل اور پاکستان ٹیلی ویژن ملتان سٹیشن کے اشتراک سے ادبی و سماجی تقریبات کا اہتمام کیا جانا چاہیے ، جبکہ بزم احباب کے صدر جناب رانا تصویر احمد صاحب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بزم احباب ملتان کے زیر اہتمام آئندہ بھی اس طرح کی تقاریب کا باقائدہ اہتمام کیا جاتا رہے گا۔بلاشبہ اس قسم کی تقاریب سے جہاں بہترین خدمات سرانجام دینے والے افراد کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں میں مذید نکھار پیدا ہوتا ہے ، وہاں ادیبوں، شاعروں، صحافیوں ، کالم نگاروںاور سیاسی و سماجی شعبوں میں خدمات سرانجام دینے والے افراد کو مل بیٹھنے ، سکھانے اور سیکھنے کا موقع میسر آتا ہے ۔اس پروقار تقریب کے اختتام پر بزم احباب کے اراکین کی جانب سے جناب شفقت عباس ملک کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی ۔ جبکہ ڈائریکٹر ملتان آرٹ کونسل سجاد جہانیہ ، ریذیڈنٹ ایڈیٹر روزنامہ پاکستان ملتان شوکت اشفاق، ڈائریکٹر آئی ایس پی آر ملتان میجر تاج، گورنر پنجاب کے صاحبزادے ملک آصف رفیق رجوانہ ، معروف کالم نگار شاکرحسین شاکر ، مسیح اللہ جامپوری، اظہر مجوکہ، رفیق قریشی، اور دیگر حاضرین کی جانب سے پھولوں کے گلدستے پیش کئے گئے۔

Rana AIjaz Hussain

Rana AIjaz Hussain

تحریر: رانا اعجازحسین چوہان
ای میل:ranaaijazmul@gmail.com
رابطہ نمبر:03009230033