شاہد علی خان کا ٹریول ایجنٹس اور ٹور آپریٹرز کے اجلاس سے خطاب

Shahid Ali Khan Speech

Shahid Ali Khan Speech

کراچی : نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین شاہد علی خان نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز بھی وفاقی وزارت مذہبی امور کا حصہ ہیں اور وزارت میں انرولڈ ہونے کی بنا پر حقدار ہیں کہ انہیں بھی میرٹ اور سنیارٹی کی بنیاد پر حج کوٹہ الاٹ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر میں کچھی میمن کمیونٹی ہال میں ٹریول ایجنٹس اور ٹور آپریٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور کے نمائندے لئیق احمد خان، عدنان عثمانی، واحد حسین، سلطان احمد خان، آصف شریف، عبدالعزیز قریشی، عامر دادا ، راجہ ارشداور دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پر شاہد علی خان نے کہا کہ ہم سندھ حکومت خصوصاً سندھ کی وزارت مذہبی امور کے مشکور ہیں کہ انہوں نے سستے حج پیکیج اور نیوانرولڈحج گروپ آرگنائزرز کو یقین دلایا ہے کہ وہ وفاقی وزارت مذہبی امور کے سامنے مسئلہ اٹھائیں گے اور سستا حج پیکیج متعارف کروانے والے نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کو حج کوٹہ الاٹ کروانے میں کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور کے نمائندے لئیق احمد خان نے ڈاکٹر عبدالقیوم سومرو کی جانب سے نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کیلئے تہنیتی پیغام دیا اور تقریب میں شرکت نہ کرسکنے پر معذرت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عدنان عثمانی نے کہا کہ چند روز میں حج پالیسی 2016ء کا اعلان متوقع ہے اور ہمیں امید ہے کہ نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کو بھی حج کوٹہ الاٹ کیا جائے گا۔

آصف شریف نے کہا کہ حکومت سعودی عرب کی خواہش کے مطابق سرکاری انتظامات کے تحت تو حج کرایا جانا ہی نہیں چاہئے اگر وفاقی وزارت مذہبی امور سعودی تعلیمات پر عمل کرے تو نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے اور تمام سرکاری کوٹہ نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کو منتقل کیا جاسکتا ہے جو حکومت سے زیادہ اچھے انداز میں عازمین کی خدمت کریں گے اور حج پیکیج بھی روایتی نجی کمپنیوں کے مقابلے میں بہت سستا ہوگا۔ واحد حسین نے کہا کہ نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز سستے حج پیکیج کیلئے ملک بھر میں سرگرم عمل ہیں اور انشاء اللہ تعالیٰ ہمیں خوشخبری ملے گی۔

سلطان احمد خان نے کہا کہ نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے حج پالیسی بنانے اور اس میں سستے حج پیکیج سروے فارم کے تحت نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کو کوٹہ الاٹ کروانے کیلئے کوششوں میں مصروف ہیں۔ نیو انرولڈ حج گروپ آرگنائزرز نے اعلیٰ ایوانوں تک اپنی آواز پہنچانے کیلئے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا، وفاقی وزارت مذہبی امور اسلام آباد کے سامنے مظاہرہ کیا، وفاقی وزیر کے آبائی شہر مانسہرہ میں پریس کانفرنس کی اور آج آپ ممبران کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کررہے ہیں۔عبدالعزیز قریشی نے کہا کہ نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز گذشتہ 12 سال سے حج کوٹہ کے حصول کیلئے سرگرم ہیں لیکن خوش قسمتی سے سال 2016ء میں پچھلے تمام ٹور آپریٹرز کا کوٹہ بھی صفر ہوچکا ہے اور اب پرانے اور نئے تمام ٹورآپریٹر وفاقی وزارت مذہبی امور کی نظر میں ایک جیسے ہیں اب وفاقی وزارت مذہبی امور کے پاس اختیار ہے کہ وہ آئندہ پانچ سال کیلئے کس کمپنی کو حج کوٹہ الاٹ کرتی ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے مطابق سستا حج پیکیج متعارف کروانے والے نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز اس مرتبہ زیادہ حقدار ہیں کہ انہیں حج کوٹہ الاٹ کیا جائے یہی وجہ ہے کہ ہم تحریک چلا رہے ہیں ۔ عامر دادا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزارت مذہبی امور نے 5سال قبل ہماری 7سالہ جدوجہد کے نتیجے میں ہمیں انرولڈ کیا اور آئندہ سال حج کوٹہ الاٹ کرنے کی یقین دہانی کروائی لیکن عملی اقدام 2015ء تک نظر نہ آیا اب جبکہ آئندہ 5سال کیلئے حج کوٹہ الاٹ ہونا ہے تو اس مرتبہ نیوانرولڈ حج گروپ آرگنائزرز کا حق پہلے ہے۔ آپ کے اقبال بلند ہوں۔

محمد شاہد علی خان
چیئرمین
ایکشن کمیٹی نیو انرولڈ حج گروپ آرگنائزرز پاکستان