شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم منتخب، نواز شریف کی مبارکباد

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

اسلام آباد (جیوڈیسک) قائدِ ایوان کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی میں ارکان کی جانب سے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے پر سپیکر قومی اسمبلی نے نتیجے کا اعلان کیا جس کے مطابق مسلم لیگ نون کے شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ پی پی پی کے سید نوید قمر نے 47 ووٹ لئے۔ عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید نے 33 ووٹ لئے جبکہ جماعت اسلامی کے طارق اللہ نے صرف چار ووٹ لئے۔

ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد لیگی ارکان جب لابی سے ایوان میں واپس آئے تو انہوں نے میاں نواز شریف کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور وہ نواز شریف کے حق میں نعرے بازی بھی کر رہے تھے۔ نتیجے کے اعلان کے بعد سپیکر کی جانب سے ارکان کو نعرے لگانے اور پلے کارڈز لے کر ایوان میں آنے سے بہت روکا گیا مگر لیگی ارکان نے ان کی ایک نہ سنی۔

شاہد خاقان عباسی اپنے انتخاب کے اعلان کے بعد ایوان میں نوید قمر اور شیخ رشید سمیت مختلف ارکان کے پاس گئے اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب، سابق وزیر اعظم نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے بھی نومنتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔