سندھ ادبی سنگت کو بلیک میلر نہیں کہا، شرمیلا فاروقی

Sharmila Farooqi

Sharmila Farooqi

کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے ثقافت و سیاحت شرمیلا فاروقی نے کہا ہے کہ میں نے اپنی پریس کانفرنس میں کسی بھی ادیب، شاعر ،فنکار اور سندھی ادبی سنگت کے عہدے دار کو بلیک میلر نہیں کہا، میرے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔

انہوں کہا ہے کہ میری پریس کانفرنس بالکل صاف اور سب کے سامنے ہے، میں نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ چند غیر ادبی عناصر محکمہ ثقافت کو بلیک میل کر رہے ہیں اور محکمے کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، میں نے ہمیشہ سندھ کے ادیبوں، شعرا اور فنکاروں کو عزت دی اور ان تمام لوگوں کو ملک کا اثاثہ سمجھا ہے، محکمہ ثقافت نے ماضی میں بھی تمام ادیبوں، فنکاروں اور شعر ا کی مدد کی اور آئندہ بھی یہ عمل جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام فنکاروں کی دل سے عزت کرتی ہوں اور کرتی رہوں گی ،ادبی سنگت کے ذمہ داران شر پسند عناصر کی جانب سے جھوٹے پروپیگنڈے اور جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں اور اپنی تنظیم کو شر پسندوں کا آلہ کار نہ بننے دیں اور بہتر انداز میں اسے آگے بڑھائیں۔