سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے (ن) لیگ نے حکمت عملی بنا لی

PML N

PML N

کراچی (جیوڈیسک) حکمراں مسلم لیگ نے سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کیلیے سیاسی حکمت عملی طے کرلی ہے جس کے تحت بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سے انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا اور ان دونوں جماعتوں کے سیاسی حملوں کا عوامی رابطہ مہم کے دوران بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا۔

مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ملک کے سیاسی حالات، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی حکمراں لیگ پر تنقید اور سندھ و پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا ہے۔

اس پالیسی پر اتفاق کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے علاوہ ضلعی سطح پر بلدیاتی انتخابات میں ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی اور اس کا اختیار صوبائی قیادت کو دے دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمراں مسلم لیگ علاقائی سطح پر اپنی سیاسی پوزیشن کی مناسبت سے عوامی رابطہ مہم چلائے گی، آئندہ ماہ سے انتخابی دفاتر کھول دیے جائیں گے۔