آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ میں پی آئی اے سیمی فائنل تک رسائی

 All Pakistan NBP Football Tournament

All Pakistan NBP Football Tournament

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں قومی چمپئن پاکستان انٹر نیشنل ائر لائن کی ٹیم نے مضبوط حریف خیبر پختونخواہ پولیس کو 3-1سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی کھیل کے پہلے ہاف تک مقابلہ بغیر کسی گول کے برا بر تھا تاہم دوسرے ہاف میں کھیل کے 55ویں منٹ میں پی آئی اے کی جانب سے شاکر لاشاری نے شاندار گول اسکو ر کیا لیکن 75ویں منٹ میں کے پی کے پولیس کے شبیر حسن نے گول کرکے مقابلہ 1-1سے بر ابر کردیا ریفری جہانگیر خان نے 84 ویں منٹ میں پی آئی اے کو ایک پنالٹی الاٹ کی جس پر ان کے کھلاڑی نصر اللہ نے شاندار گول کرکے مقابلہ 2 -1کردیا کھیل کے آخری لمحات میں ایک بار پھر شاکر لاشاری نے اپنا دوسرا گول کرکے کرکے مقابلہ 3-1کردیا جو کھیل کے اختتام تک جاری رہا ۔کھیل کے اختتام پر مہمان خصوصی منیجر پی آئی اے کمیو نکشن عنایت رضا ،اسسٹنٹ منیجر وسیم الدین کا تعار ف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کرایا گیا ۔

اس موقع پر منیجر پاکستانی پولیس ٹیم حاجی سردار رحیم ،منیجر ایکوا کلب کوئٹہ حاجی عبید اللہ ،ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،سیکریٹری ڈی ایف اے ایسٹ عبید اللہ خان ،چیئر مین ڈی ایف اے ملیر فتح محمد بلوچ ،امیر محمد خان ،ایم خالد نیشنل بنک ،عابد و دیگر موجودتھے ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے ایک اور لیگ میچ میں ہزارہ گرین کلب کوئٹہ نے اپنے عمدہ کھیل کی بدولت چاند ایف سی کوئٹہ کو 4-0سے ڈھیر کردیا اور 3قیمتی پوائنٹ کی حقدار بن گئی ۔ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جہانگیر خان ،عزیز پاشا ،نصیر عمر بلوچ ،انیس اختر بلوچ ،شاہنواز بلوچ اور شوکت علی خان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر منور خان کے ڈی اے اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔